پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایک خود مختار ملک پر حملے کا کوئی جواز نہیں ہے، قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا لبنان اور شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) فورم پر قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطرکے دوست، برادر ملک کے طور پر پاکستان نے فعال کردار ادا کیا ہے کیونکہ پاکستان ہمیشہ سے ہی امن کا خواہاں ہے۔
نائب وزیر اعظم کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں کی صرف مذمت ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کے خلاف واضح لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا، اسرائیلی اشتعال انگیزیوں سے واضح ہے کہ وہ ہرگز امن نہیں چاہتا ہے۔ دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کے عوام انتہائی مشکل وقت گزار رہے ہیں، غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی جاری ہے، وقت آگیا ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے، امت مسلمہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
Please let me know if you have any doubts