عالیہ سومرو: پاکستان کی پہلی ویمن پروفیشنل باکسر کو
عالیہ سومرو: پاکستان کی پہلی ویمن پروفیشنل باکسر کو ہراساں کرنے کا انکشاف
پاکستان کی پہلی ویمن پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں مسلسل ایک شخص کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ عالیہ سومرو کا کہنا ہے کہ وہ ایک پروفیشنل باکسر ہیں اور انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا، مگر کچھ تعصب پرست عناصر ان کی کامیابی کو ہضم نہیں کر پا رہے۔
تعصب پرست عناصر کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا
عالیہ سومرو نے کہا کہ چند مخصوص افراد ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں اور پروفیشنل باکسنگ کو جعلی قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی بھی "ورلڈ چیمپئن" ہونے کا دعویٰ نہیں کیا، مگر اپنی محنت اور کارکردگی سے پاکستان کی نمائندگی کی ہے، خاص طور پر تھائی لینڈ میں ہونے والی رینکنگ فائٹ میں فتح حاصل کر کے۔
سندھ حکومت اور لیاری کے عوام کا شکریہ
عالیہ سومرو کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت، وزیراعلیٰ سندھ اور لیاری کے منتخب نمائندوں کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی عالمی سطح پر فائٹ میں شرکت کے لیے مدد فراہم کی، خاص طور پر دبئی میں بھارتی باکسر کے خلاف شیڈول فائٹ کے سلسلے میں۔
پروفیشنل باکسنگ میں محنت اور جدوجہد
اپنے بیان میں عالیہ نے کہا کہ ان کا تعلق لیاری سے ہے اور وہ ایک مزدور کی بیٹی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دن رات پروفیشنل باکسنگ میں محنت کر رہی ہیں اور ان کا کسی فیڈریشن یا اس کی اندرونی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
جان کو خطرہ، قانونی تحفظ کی اپیل
عالیہ سومرو نے الزام عائد کیا کہ ایک مخصوص شخص انہیں مسلسل ہراساں کر رہا ہے جس سے ان اور ان کے خاندان کی جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے کھیل پر مکمل توجہ دے سکیں۔
قوم سے اپیل: عالیہ سومرو کو سپورٹ کریں
اپنے اختتامی پیغام میں پاکستانی ویمن باکسر عالیہ سومرو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چند تعصب پرست افراد کی باتوں پر دھیان نہ دیں اور ایک خواتین ایتھلیٹ کے طور پر انہیں سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ سندھ کی بیٹی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی رہے۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
Please let me know if you have any doubts