سیالکوٹ (پی پی 52 سمبڑیال) ضمنی الیکشن 2025: مسلم لیگ (ن) کی حنا ارشد وڑائچ کی شاندار کامیابی
سیالکوٹ (پی پی 52 سمبڑیال) ضمنی الیکشن 2025: مسلم لیگ (ن) کی حنا ارشد وڑائچ کی شاندار کامیابی
سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 (سمبڑیال) میں ہونے والے ضمنی انتخاب 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے میدان مار لیا ہے۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ حاصل کر کے واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39,018 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6,832 ووٹ حاصل کیے۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد شفاقت نے 4,851 ووٹ حاصل کیے۔
یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کامیابی کے بعد حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کیا۔ ان کی رہائش گاہ پر جیت کی خوشی میں جشن منایا گیا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔
دھاندلی کے الزامات اور الیکشن کمیشن کا ردعمل
دوسری جانب، پی ٹی آئی کے امیدوار فاخر نشاط گھمن نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پولنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45 تیار کر لیے گئے، اور اس بار طریقہ واردات بدل دیا گیا۔ ہم ان نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔"
الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے شفافیت کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی ثبوت موجود ہے تو مہیا کیا جائے، تاکہ اس کی بنیاد پر کارروائی کی جا سکے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی جانب سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے پولنگ اسٹیشنز بند کیے جانے کی خبروں کو "سراسر جھوٹ" قرار دیا اور وضاحت کی کہ حلقہ پی پی 52 کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ مکمل امن اور شفافیت کے ساتھ ہوئی۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
Please let me know if you have any doubts